راولپنڈی (نمائندہ جنگ، سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ کرنے پر چھ دکانداروں کیخلاف مقدمات درج کروا دیئے۔ یہ دکاندار مکھن اور کھویا میں ویجیٹیبل گھی کی ملاوٹ کرتے رنگے ہاتھوں پائے گئے تھے جس پر فوڈ اتھارٹی کے عملے نے 10 من ملاوٹی کھویا اور 20 من ملاوٹی مکھن تلف کر دیا ۔ عملے نے کشمیری بازار اور پیرودہائی کے علاقوں میں موجود ڈیری یونٹس کو چیک کرتے ہوئے چھ دکانوں سے کھویا اور مکھن کے نمونے حاصل کئے تھے جو تجزیہ کروانے پر حفظان صحت کے معیار پر پورا نہیں اتر ے جس پر انہیں تلف کر دیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ اور جعل سازی پر فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔ دریں اثناءمضرصحت مکھن فروخت کرنے والے ڈیری شاپ کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا،تھانہ گنج منڈی کو رابعہ ناصر فوڈ سیفٹی آفیسر راولپنڈی نے بتایاکہ دوران چیکنگ لاثانی ڈیری موہن پورہ کے مالک مجیب الرحمان سے مکھن کا نمونہ لیا جو چیکنگ کرنےمضر صحت اور ملاوٹ شدہ پایاگیا۔