بھارت کی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کا کیس بند کرنے کی رپورٹ فائل کردی ہے، جبکہ اداکارہ ریحا چکرورتی کو کسی بھی الزام سے کلیئر کر دیا ہے۔
ریحا اور انکے بھائی شووک چکرورتی کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے سوشانت سنگھ راجپوت سے متعلق منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا۔
ہفتے کو یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد شووک چکرورتی نے اپنے انسٹا گرام اسٹوریز پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برسوں کی عوامی جانچ کے بعد انہیں بری الذمہ قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر ایک پرانی ویڈیو ری پوسٹ کی جس میں وہ ریحا کے ساتھ پہاڑوں پر چلتے نظر آرہے ہیں، اس پر انہیں نے جو کیپشن لگایا ہے اس پر ہندی میں لکھا، "یہ سچائی کی فتح ہے۔"
واضح رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے تھے، جس کے بعد انکے والد نے اداکارہ ریحا چکرورتی کے خلاف اپنے بیٹے کی خودکشی میں اعانت کا الزام عائد کرنے کا کیس درج کروایا تھا۔
جس کے بعد ریحا اور انکے بھائی شووک چکرورتی سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کے الزامات پر پوچھ گچھ کی تھی۔