• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی 6 نہروں کی تعمیر کے خلاف کل احتجاجی ریلی نکالے گی

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) ایگزیکٹیو کمیٹی پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو کے احکامات کی روشنی میں پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد دریائے سندھ پر 6 نہروں کی تعمیر کے منصوبے کے خلاف 25 مارچ بروز منگل بعد از روزہ افطاری ڈسٹرکٹ کونسل حیدرآباد سے پریس کلب حیدرآباد تک احتجاجی ریلی نکالے گی‘ متنازعہ کینال منصوبہ غیر قانونی ہے اور اس کی کسی بھی آئینی فورم سے منظوری نہیں لی گئی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چولستان کینال کی تعمیر کا کام شروع کراکے وفاقی حکومت نے آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اس منصوبے کے خلاف تمام آئینی فورمز‘ ایوانوں اور سڑکوں پر جدوجہد کرے گی اور دریائے سندھ پر کسی کو بھی کینال نکالنے نہیں دے گی۔ اجلاس میں مزید کہا کہ کینال نکالنے سے سندھ کی زمینوں کے بنجر ہونے کے واضح خدشات ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت ان 6ینال منصوبوں سے دستبرداری کا اعلان کرے تاکہ سندھ میں بسنے والے لوگوں میں پائی جانے والی کشیدگی و بے چینی کو دور کیا جاسکے۔ ایگزیکٹیو کمیٹی پی پی پی حیدرآباد نے احتجاجی ریلی و مظاہرے کو تاریخی و کامیابی سے ہمکنار کرنے پر متفقہ طور پر منظوری دیتے ہوئے پروگرام کو حتمی شکل دی۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی عہدیداران و کارکنان‘ چیئرمینز‘ وائس چئیرمینز‘ کونسلرز تمام ذیلی ونگز و تمام نئے فارم امیدواران سے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاجی ریلی میں بھر پور شرکت کر کے سچا و نظریاتی جیالا ہونے کا ثبوت دیں کیونکہ یہ احتجاج پاکستان پیپلز پارٹی کی بقاءکی جنگ ہے اور ہم اس جنگ میں کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ملک بھر سے سے مزید