اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو کی زندگی جرأت، قربانی اور جمہوریت سے غیر متزلزل وابستگی کی علامت تھی، بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کے تاریک ترین دور کا بہادری سے سامنا کیا، سابق خاتون اول کی 96 ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی تاریخ کی عظیم سیاسی شخصیت بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کی قیادت کی، بیگم نصرت بھٹو نے بے پناہ ذاتی اور سیاسی مشکلات کو صبر اور وقار کے ساتھ برداشت کیا، صدر آصف زرداری نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے اپنے شوہر کی ناانصافی پر مبنی گرفتاری اور شہادت اور سیاسی انتقام کے بدترین حالات کا سامنا کیا، لیکن اپنے عزم و استقلال پر قائم رہیں۔ ان کی جمہوریت کیلئے قربانیاں اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے زیراہتمام بیگم نصرت بھٹو کی 96ویں سالگرہ عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ پارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو جمہوریت کی علامت بہادری اور عظمت کی پیکر تھیں۔ نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے مادر جمہوریت کی پاکستان کے لئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی زندگی عزم، جمہوریت اور سماجی انصاف کی جدوجہد کی عبارت ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ مادر جمہوریت کی جدوجہد اور قربانیاں پاکستان میں جمہوری روایات کے استحکام میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب سیکرٹریٹ میں بیگم نصرت بھٹو کی سالگرہ کی تقریب میں مہمان خصوصی بھٹو لیگسی فاؤنڈیشن کے چیئرمین بشیر ریاض تھے جبکہ صدارت ممبر فیڈرل کونسل شاہدہ جبیں نے کی۔ تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا۔