اسلام آباد (صالح ظافر) چین نے پاکستان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے کہ وہ اس کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، اس کی قومی ضروریات کے مطابق ترقی کے راستے کے حصول، دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائی، اور بین الاقوامی و علاقائی امور میں مؤثر کردار ادا کرنے میں اس کا ساتھ دے گا۔ چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے 23 مارچ کو سلک روڈ کلچر سینٹر میں منعقدہ ’’ایستھیٹک برج‘‘ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ چینی مندوب نے چینی اور اسلامی تہذیبوں کے تبادلے اور باہمی سیکھنے کے فروغ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’انہیں ایک دوسرے کی روشنی میں چمکنے دیں۔‘‘ چینی سفیر نے کہا کہ اس وقت پاکستانی حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے، معیشت کو مستحکم اور بہتر کر رہی ہے، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کر رہی ہے۔