کراچی (اسٹاف رپورٹر) بے لگا ہیوی ٹریفک نے ایک اور خاندان کو اجاڑ دیا، ملیر ہالٹ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی جسکے نتیجے موٹرسوار میاں بیوی اور موقع پر پیدا بچہ بھی جاں بحق ہوگئے، شوہر عبدالقیوم حاملہ اہلیہ کو چیک اپ کرانے کیلئے موٹرسائیکل پر اسپتال لے جارہا تھا،مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کے شیشہ توڑ کر اسے آگ لگانے کی کوشش کی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور اور ہیلپر کو گرفتار کرکے واٹر ٹینکر کو قبضے میں لے لیا۔ واضح رہے کہ رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 214 جبکہ ہیوی ٹریفک کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل کالونی تھانہ کی حدود ملیر ہالٹ فلائی اوور کے نیچے تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جسکے باعث موٹر سائیکل سوار عبدلقیوم اور اسکی حاملہ زوجہ زینب شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ جہاں زخمی خاتون نے نومولود بچہ کو جنم دیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عبدالقیوم اسکی اہلیہ زینب اور نومولود بچہ جاں بحق ہوگئے۔حادثہ کے بعد ذمہ دار ڈرائیور واٹر ٹینکر کو موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا،مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کے شیشے توڑ کر اسے آگ لگانے کی کوشش کی جسکے باعث مین سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر واٹر ٹینکر کو قبضے میں لیکر تھانہ منتقل کیا اور آگ لگنے سے بچالیا۔ بعد ازاں پولیس نے واٹر ٹینکر ڈرائیور اور ہیلپر کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق میاں بیوی ناتھا خان کے رہائشی تھے،شوہر اپنی حاملہ اہلیہ کو چیک اپ کرانے کیلئے موٹرسائیکل پر اسپتال لے جارہا تھا، اس دوران پانی سے بھرے واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا، حادثے میں حاملہ خاتون نے بچے کو جنم دیا، لیکن جانبر نہ ہوسکا۔