اسلام آباد (ایجنسیاں)وفاقی وزیرقومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دکانوں پر چینی 162روپے کلو جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 153روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے تاہم ملک کے بیشتر شہروں میں چینی کی 170سے 180روپے کلو تک فروخت کی جانے لگی۔پیرکو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راناتنویرکا کہناتھاکہ ملک میں چینی کا وافرذخیرہ موجودہے ‘افواہوں کا مقصد عوام میں بے یقینی پیدا کرنا ہے‘کسی کو قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘وزیراعظم نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی بنادی ہے جس کے ایکشن سے 168روپے کلو میں بکنے والے چینی 162روپے پر آگئی ۔ وفاقی وزیر نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر اس مسئلے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں درست نہیں۔