• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی اداروں میں چھوٹے ملازمین کا بڑی پوسٹوں پر اضافی چارج غیر قانونی قرار

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) صوبائی حکومت نے پنجاب کے تمام بلدیاتی اداروں میں چھوٹے ملازمین کے بڑی پوسٹوں پر اضافی چارج کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تمام تقرریاں فوری منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے پنجاب کی تمام میٹرو پولیٹن، میونسپل کارپوریشنوں، ضلع کونسلوں اور میونسپل کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ بورڈ کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کو یقینی بناکر سات یوم میں مکمل رپورٹ پیش کریں۔ اس ضمن میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے مذکورہ اداروں کے سربراہان کو تحریری مراسلے میں کہا ہے کہ انجینئرنگ، پلاننگ، ایڈمنسٹریٹو اور فنانس سمیت دیگر شعبوں میں بعض من پسند جونئیر ملازمین کو ایسی پوسٹوں کا اضافی چارج دیا گیا ہے جو افسران کے لئے مخصوص ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ چونکہ چیف افسر کی پوسٹ لوکل گورنمنٹ سروس کے تحت ہوتی ہے لیکن ڈیرہ غازی خان کے کمشنر نے اپنے پی ایس کو مقامی بلدیاتی ادارے میں چیف افسر تعینات کیا تھا جس پر پنجاب کے دیگر بلدیاتی اداروں کے چیف افسران کے احتجاج پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے یہ احکامات جاری کئے ہیں کہ کوئی بھی تقرری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی اجازت اور منظوری کے بغیر نہیں کی جائے گی۔
اسلام آباد سے مزید