اسلام آباد (ساجد چوہدری) ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان نے بہار 2026سیشن کے داخلوں کیلئے 27 مار چ آخری تاریخ مقرر کردی ہے ، طلبہ کو مقررہ تاریخ سے قبل اپنے درخواست فارم جمع کروا نے کی ہدایت کی گئی ہے ،یونیورسٹی حکام کے مطابق جامعہ 100سے زائد تعلیمی پروگرامز پیش کر رہی ہے جن میں دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز، چار سالہ بیچلرز ڈگری پروگرامز اور مختلف ڈپلومہ پروگرامز شامل ہیں،یہ پروگرامز کمپیوٹر سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بزنس ایڈمنسٹریشن، مینجمنٹ سائنسز، ایجوکیشن، سائیکالوجی، ماس کمیونیکیشن اور اکنامکس جیسے اہم شعبوں پر مشتمل ہیں، جو تعلیمی و صنعتی ضروریات کے مطابق ترتیب دیئے گئے ہیں، جامعہ کی سب سے اہم خصوصیت اس کا مکمل آن لائن داخلہ اور تدریسی نظام ہے، جس کے تحت طلبہ بغیر کسی کیمپس میں حاضری کے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں، تعلیم حاصل کر سکتے ہیں اور اپنے تمام تعلیمی امور ڈیجیٹل طور پر انجام دے سکتے ہیں۔ امتحانات و طلبہ کی سہولیات کے لیے جامعہ ملک بھر کے 137شہروں میں 210سے زائد کیمپسز کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے خدمات فراہم کر رہی ہے، جامعہ میں اس وقت 143,000سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ 174,000سے زائد فارغ التحصیل اپنے متعلقہ شعبوں میں کام کر رہے ہیں، قیامِ جامعہ سے اب تک 674,000 سے زائد طلبہ نے داخلہ لیا ہے۔