• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زبان کے پکے، بجلی سستی ہوگی، وزیراعظم جلد خوشخبری سنائیں گے، میڈیا میں قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی باتیں درست نہیں، وزیر توانائی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ /مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کا کہنا ہے کہ ہم زبان کے پکے ہیں‘ہماری زبان پچھلی حکومت جیسی نہیں‘بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی‘ وزیر اعظم جلدخوش خبری سنائیں گے‘ ہم دو دن پہلے کریں یا دو دن بعد کریں جیسے ہی وقت موزوں ہوگا قیمتیں کردیں گے‘اگلے چند روز میں میری باتیں ثابت ہوجائیں گی۔منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہناتھاکہ میڈیا میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی باتیں درست نہیں ہیں۔ ہم زبان کے پکے ہیں‘ہماری زبان پچھلی حکومت جیسی نہیں۔ دریں اثناءپاکستان کے پہلے 120 KW فاسٹ چارجنگ اسٹیشن کےافتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہناتھاکہ ہم کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور برقی نقل و حمل کو فروغ دینے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں،عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،ماضی کے مقابلے میں مستقبل گرین انرجی کا ہے‘چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح پائیدار توانائی کے ڈھانچے کی تعمیر کی طرف ہمارے اجتماعی سفر میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوگرین ایونیو کے فاسٹ چارجنگ اسٹیشن جیسے اقدامات پاکستان کے توانائی اور نقل و حمل کے شعبوں میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں‘ حکومت پاکستان کو صاف توانائی کے نئے دور میں داخل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی قیمت 71 روپے سے کم کر کے 39 روپے کر دی گئی ہے جس سے عوام کے لئے برقی نقل و حمل زیادہ قابل رسائی اور سستی ہو گئی ہے۔ اسلام آباد سے حنیف خالد کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول ایگریمنٹ ہونے کے بعد وہ قوم کو سنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمی نہ ہونےکے قیافے بہت جلد نا درست ثابت ہو جائینگے ۔


اہم خبریں سے مزید