کراچی ( سہیل افضل )سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ برطانوی ایئر سیفٹی اتھارٹی نے پی آئی اے سمیت پاکستانی فضائی کمپنیوں پر پابندی برقرار رکھنے سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے ‘ ہمارے کیس کا جائزہ لیاجارہاہے ‘توقع ہے کہ اس بارے میں فیصلہ مئی یا جون میں ہوگا جبکہ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پاکستانی ائیرلائنز پر برطانوی اجازت نامے سے متعلق برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے نہ کوئی اعلامیہ جاری ہوا ہے نہ ہی کوئی مراسلہ آیا ہے۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان اور ڈائریکٹر شاہد قادرکاکہناتھاکہ برطانوی ایئر سیفٹی اتھارٹی نے ایئرلائنز ایئر سیفٹی لسٹ سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا‘ برطانوی وزارت ٹرانسپورٹ نے اس سلسلے میں فیصلے کی کوئی تاریخ کا بھی تاحال اعلان نہیں کیا‘ فیصلے سے متعلق قیاس آرائیاں صرف پاکستانی میڈیا میں ہیں‘انہوں نے بتایاکہ پاکستانی ایئرلائنز ایئر سیفٹی لسٹ میں رہیں گی یا نہیں اس بارے میں جائزہ چل رہاہے ‘ ہمار ےکیس کا جائزہ لیا جا رہا ہے اس سلسلے میں انہیں جو بھی وضاحت یا دیگر معلومات چاہئیں وہ انہیں فراہم کی جا رہی ہیں‘ توقع ہے کہ اس بارے میں فیصلہ مئی یا جون میں ہو گا، ابھی 20 یا 25 مارچ کو برطانوی وزارت ٹرانسپورٹ نے فیصلہ دینے کا کوئی اعلان نہیں کیا تھا ،اس لئے اس پر تبصرہ کرنا بھی قبل از وقت ہے‘فیصلے کو کسی واقعے سے جوڑنا بھی محض قیاس آرائی ہے‘دریں اثنا ترجمان پی آئی اے کا بھی اس سلسلے میں موقف سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ائیرلائنز پر برطانوی اجازت نامے کے معاملے پر برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے نہ کوئی اعلامیہ جاری ہوا ہے نہ ہی کوئی مراسلہ آیا ہے‘ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔