اسلام آباد( رانا غلام قادر )سی ڈی اے نے اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل ڈیجیٹل شہر بنانے کا فیصلہ کرلیا، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ٹریفک نظام، کیش لیس معیشت نظام متعارف ، اسلام آباد کو ڈیجیٹلائزیشن کاماڈل شہر بنایا جائیگا، ابتدائی طور پر بلیو ایریا، فوڈ اسٹریٹ اور پارکنگ پلازہ میں کیش لیس نظام لاگو کیا جائے گا، صارفین ڈیجیٹل یا نقد ادائیگی میں سے کوئی بھی طریقہ اختیار کرسکیں گے۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والےاجلاس کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی دارلحکومت اسلام آبادکو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، جدید ٹریفک نظام اور کیش لیس معیشت کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل ڈیجیٹل شہر بنانے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔