• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے خلاف پیپلز پارٹی کا مختلف شہروں میں احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر، بیورورپورٹ، نامہ نگار) دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنے کیخلاف پیپلز پارٹی کارکنوں نے کراچی، سکھر،لاڑکانہ، بدین، نواب شاہ، گھوٹکی، جیکب آباد، کندھ کوٹ، نوشہروفیروز، بدین، تھرپارکر اور جام شورو سمیت مختلف شہروں میں احتجاج کیا۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ کینالز کا منصوبہ صوببہ سندھ کو بنجر کرنے کی سازش ہے، وفاقی حکومت اس معاملے پر فوری مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائے۔ منگل کو کراچی پریس کلب کے باہر دریائے سندھ پر کینالز کی تعمیر کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ سندھ نے اس منصوبے کو مسترد کردیا ہے،اپنی دھرتی کے پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں دینگے،پیپلز پارٹی ہر فورم پر اس منصوبے کے خلاف آواز بلند کریگی۔ احتجاجی مظاہرے سے رضا ربانی، وقار مہدی، جاوید ناگوری ، سعدیہ جاوید، یوسف بلوچ اور دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرے میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جنہوں نے کینالز کی تعمیر کیخلاف نعرے بازی کی۔سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ چولستان میں 6 کینالز کا بننا کسی بھی صورت قبول نہیں،وفاقی حکومت نے یکطرفہ کینالز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔صوبوں کو اس فیصلے میں شامل نہیں کیا گیا وفاق اکیلے اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرا سکتا۔ پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے۔ وقار مہدی نے کہا کہ آج ریفرنڈم ہوگیا ہے کوئی کینالز منظور نہیں ہے۔ جاوید ناگوری نے کہا کہ خوشحال سندھ کو برباد کرکے چولستان کو آباد کرنے جارہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید