ایمان صغیر
عید آنے سے قبل خاتونِ خانہ گھر کی تزئین و آرائش میں اتنی مصروف رہتی ہیں کہ اپنے حُسن کا خیال ہی نہیں رہتا۔ جب کہ عید کے موقعے پر آپ کا تازہ دم نظر آنا، آرائش و حُسن کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ کل خوشیوں سے بھرپور عید کا دن ہے یقیناً آپ نے اپنی تمام تر تیاری مکمل کرلی ہوگی لیکن یہ نہیں سوچا ہوگا کہ اس مرتبہ عید پر میک اپ کیسا کرنا ہے۔
کچھ خواتین زیادہ سجنا سنوارنا پسند نہیں کرتیں اور بعض بہت زیادہ شوقین ہو تی ہیں۔ لیکن تہوا رکے موقعے پر تو تھوڑا بہت میک اپ کرنے اور سجنے سنوارنے کا دل ہر خاتون کا چاہتا ہے اور ہونا بھی چاہیے کیوں کہ تہوار کا دن ہوتا ہی خوشیاں منانے کے لیے۔
عید کے زرق برق ملبوسات زیب تن کرنے کے ساتھ ساتھ منفرد انداز میں تیار ہونے کے لیے سلیقہ مندی سے میک اپ کرنا بھی ضروری ہے۔ سلیقہ مندی سے کیا گیا میک اپ آپ کے حُسن کو دو چند کر دے گا۔
ذیل میں ہم آپ کو عید پر میک اپ کرنے کے بارے میں چند اہم باتیں بتا رہے ہیں، ان پر عمل کرکے منفرد نظر آئیں، پھر دیکھیں گا کوئی بھی آپ کے میک اپ کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے گا۔
نیچرل بیس یا بی بی کریم: موسم گرما میں بیس کی موٹی تہیں بنانے سے گریز کریں، اگر آپ بیس کی شوقین ہیں تو نیچرل بیس کا استعمال کریں جو آپ کے چہرے پر زیادہ نمایاں نہ ہو اور آپ کے چہرے کو نیچرل میک اپ لُک دے۔ دوسری جانب نیچرل میک اپ لُک کے لیے بی بی کریم (BB Cream) کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔
یہ کریم جلد کو دیر تک ترو تازہ رکھتی ہے، آپ بھی اپنی جلد کے مطابق کوئی میعاری بی بی کریم لے سکتی ہیں۔ اگر آپ بیس نہیں لگانا چاہتیں تو صرف کومپیکٹ پاؤڈر کا استعمال بھی کرسکتی ہیں۔
فاؤنڈیشن کا کم استعمال: اگر آپ لائٹ میک اپ کرنا چاہتی ہیں تو فاؤنڈیشن کا استعمال کم سے کم کریں، اگر آپ کی جلد اچھی ہے تو صرف کنسیلر کا استعمال ہی آپ کی جلد کے لیے بہترین ہے۔ اس کے علاوہ آئل فری اور میٹ پرائمر کا استعمال بھی اچھا تاثر دیتا ہے۔
سوفٹ آئی میک اپ: موسم گرما میں آئی شیڈو کے رنگوں کا انتخاب بھی اہم ترین مرحلہ ہے۔ میڈیم یا لائٹ آئی شیڈو کا استعمال دن کی تقریبات کے لیے بہترین ہے۔ عید کے دن دوپہر کے وقت آپ پیچ (Peach) پنک (Pink) اور بیج (Beige) جیسے رنگوں کو لاسکتی ہیں۔ اگر آپ کو اسموکی آئی میک پسند ہے تو آنکھ کے کونے پر لائٹ اسموکی ٹچ دیا جاسکتا ہے ،اسموکی ٹچ کے لیے بلیک اور براؤن شیڈ کو مکس کرکے اپلائی کیا جاسکتا ہے۔
آنکھوں کے لیے ونگڈلائنر اسٹائل بہترین ہے۔ اس اسٹائل کے ذریعےآپ کی آنکھ کا نقش مختلف اور بڑا لگنے لگتا ہے جو آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کردیتا ہے۔ عید پر کچھ مختلف لک دینے کے لیے لائنر کے اوپر گلیٹر لائن کا اضافہ کریں۔ آنکھوں کو بڑا اور فریش لک دینے کے لئےکاجل کے طور پر وائٹ لائنر کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مسکارا لگانے سے آنکھوں کی دل کشی میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک بار مسکارا پلکوں پر برش کی مدد سے لگائیں، جب سوکھ جائے توبرش کو اوپر کی جانب خم دیتے ہوئے دوسرا کوٹ کریں۔ اس طرح پلکیں گھنی اور نوکیلی لگیں گی۔ آج کل ہر رنگ کے مسکارے ملتے ہیں۔ اس لیے آنکھوں پر لباس کی مناسبت سے یا کالے رنگ کا مسکارا بھی لگایا جا سکتا ہے۔
برونزر: یہ چہرے کے خطوط کو اُبھارتا ہےاوراسے پورے چہرے پر باآسانی لگایا جاسکتا ہے۔ جو خواتین پورے چہرے پر برونزر لگانا نہیں چاہتی وہ اسے صرف رخساروں پر بھی لگا سکتی ہیں۔ اگر آپ کو عید پر بیس کا استعمال نہیں کرنا تو لائٹ پیچ یا پیسٹل پنک رنگ کے برونزر کا استعمال لازمی کریں۔ان رنگوں کے برونزر کا استعمال آپ کی جلد کے دمکنے میں بھی مددگار رہے گا۔
بلش آن: دوپہر کے وقت گہرے بلش آن شیڈز کے استعمال سے گریز کریں، اس کے بجائے لائٹ پنک یا پنک کے دوسرے شیڈز کا استعمال زیادہ اچھا لگے گا۔اگر آپ پاؤدر بلش آن استعمال کر رہی ہیں تو اپنے گالوں کو ہلکا سا اندر کی طرف کر لیں اور پھر نیچے سے اوپر کی طرف بلش آن لگائیں اور آنکھوں کے کناروں تک لے جائیں۔ اسی طرح اگر آپ کریمی بلش آن لگارہی ہیں تو چند ڈاٹس لگائیں اور اس کو انگلی کی مدد سے پھیلا لیں۔
لپ اسٹک کاا نتخاب: لپ اسٹک کا انتخاب آپ کے میک اپ پر منحصر ہےدوپہر کی دعوت میں جانا ہوں اور آپ کا آئی میک اپ لائٹ ہوتو نسبتاََ گہرے رنگ کے لپ اسٹک شیڈز کا استعمال بہترین ہے، البتہ رات کی دعوت میں پیچ، پنک اور ٹی پنک جیسے لپ کلرزاچھے لگتے ہیں۔ آپ ایک ہی شیڈ میں لپ سٹک لگانے کی بجائے 2یا 3شیڈز ملاکر بھی کوئی منفرد شیڈ بناسکتی ہیں۔
بالوں کا اسٹائل: کسی بھی لباس کے ساتھ آپ کے پرفیکٹ ہیئر اسٹائل کا ہونا بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ آپ کے میک اپ یا جیولری کا۔ فش ٹیل بریڈ جسے عام طور پر کھجوری چوٹی بھی کہاجاتا ہے، یہ ایک ایسا ہیئر اسٹائل ہے جو کبھی پرانا نہیں ہوتا خاص طور پر گرمی کے موسم میں۔ اس کے علاوہ آپ اپنے چہرے اور لباس کے مطابق ٹوئسٹ بن، ہائی پونی ٹیل، بریڈ بیک ود ہاف ٹائی، ٹاپ ناٹ ہیر اسٹائل کا بھی انتخاب کرسکتی ہیں۔
مہندی: یہ ایک ایسا فیشن ہے جو ہر عمر کی خواتین بلا جھجھک کرتی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ عید کا چاند نظر آتے ہی خواتین اور لڑکیاں مہندی لگوانے کے لیے پارلر کا رُخ کرتی ہیں۔ پہلے کے مقابلے میں مہندی کے ڈیزائنز کافی تبدیل ہو چکے ہیں اور ساتھ ساتھ خواتین کی پسند میں بھی خاصی تبدیلی آگئی ہے۔
اگر آپ ہر سال مغل آرٹ کے طرز کے ڈیزائن اور منفرد قسم کے بڑے بڑے پھولوں والے ڈیزائن لگا تی رہی ہیں تو اس سال عید پر کچھ نیا کریں۔ اس مرتبہ چھوٹے پھولوں والی مہندی لگائیں اور کوشش کریں ہاتھ کی پوری ہتھیلی پر مہندی نہ لگائیں بلکہ چھوٹے پھول اور پتیوں والے ڈیزائن کا انتخاب کریں۔ عید کا تہوار بچوں اور بڑوں سب کے لیے خوشیاں لے کر آتا ہےتو منائیں عید کی خوشیاں دوستوں اور رشتے داروں کے ساتھ اور کریں عید کا مزہ دوبالا۔