اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج ملک میں ترقی و خوشحالی کی بجائے اندرونی تفریق ہے‘ ملکی استحکام‘ عزت اور وقار دائو پر لگایا جا رہا ہے جس پر آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی‘قوم کے اتحاد اور خوشحالی کیلئے ذاتی اختلافات کو دفن کرناہوگا‘ اتحاد و اتفاق سے پاکستان کے معاشی و معاشرتی چیلنجز اور دہشت گردی پر قابو پائیں گے ‘ ہماری کامیابی کا راز اتحاد، اتفاق، انتھک محنت اور جذبہ حب الوطنی میں مضمر ہے، قومی ترقی میں کردار ادا کرنا ہر شعبہ زندگی کے فرد کی ذمہ داری ہے‘علماء کرام دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کریں ، ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینا پاکستان کیلئے دی جانے والی عظیم قربانیوں سے بے وفائی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو "رب ذوالجلال کا احسان ۔ پاکستان ڈے "کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج ملک میں ترقی و خوشحالی کی بجائے اندرونی تفریق ہے، ملکی استحکام، عزت اور وقار دائو پر لگایا جا رہا ہے جس پر آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی کچھ نہیں گیا، ہم فیصلہ کر لیں کہ پاکستان کے وسیع تر مفاد کی خاطر اپنی تمام ذاتی خواہشات اور انا کو پاکستان کے تابع کر دیں، اس سے بڑی پاکستان کی کوئی اور خدمت نہیں ہو سکتی۔ﷲ نے پاکستان کو اپنے دشمنوں کے مقابلہ میں بہادر فوج کے ساتھ ساتھ جوہری طاقت سے بھی نوازا ہے، کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا‘ ﷲ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے‘ کھربوں ڈالر کے خزانے پہاڑوں میں پوشیدہ ہیں‘پاکستان میں دہشت گردی کے تانے بانے دور تک جاتے ہیں، ان دہشت گردوں کو جہاں سے سیاسی اور مالی مدد ملتی ہے اس کا ایک مقصد یہ ہے کہ پاکستان کو جو بے پناہ قدرتی وسائل دستیاب ہیں ان سے پاکستان فائدہ نہ اٹھا سکے‘ ایسی سوچ رکھنے والے عقل کے اندھے ہیں، ان وسائل کے بل بوتے پر ہم اپنی قوم کو خوشحال اور اپنے ذمہ قرضے ختم کر سکتے ہیں اور اپنا سر فخر بلند کرکے اقوام عالم میں شامل ہو سکتے ہیں، اس میں رکاوٹ ڈالنے والے عقل کے اندھے ہوں گے، ایسے لوگ پاکستان کے دشمن اور ایجنٹ ہیں، انہیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی گوارہ نہیں، انہیں جہاں سے مالی مدد ملتی ہے ہم سب اس سے اچھی طرح واقف ہیں۔