ٹیکساس (راجہ زاہد اختر خانزادہ ) ٹیکساس کی ریاستی ایوانِ نمائندگان نے23مارچ کو ’’یومِ پاکستان‘‘ کے طور پر تسلیم کرنے کی قرارداد منظور کر لی۔ یہ تاریخی اقدام ٹیکساس میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے لیے ایک اہم اعزاز ہے، جو ان کی سماجی، مذہبی، لسانی اور اقتصادی خدمات کے اعتراف کے طور پر سامنے آیا ہے۔یہ قرارداد ریاستی رکنِ اسمبلی ڈاکٹر سلیمان لالانی نے پیش کی، جس میں تسلیم کیا گیا کہ پاکستانی ٹیکسانز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، ثقافتی پسِ منظر اور امن و خوشحالی کے اصولوں کے ذریعے ٹیکساس کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ قرارداد کی منظوری کے موقع پر ٹیکساس میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل، محمد آفتاب چوہدری بھی ایوان میں موجود تھے۔ اس موقع پر قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری نے ایوان کے اسپیکر، ڈسٹن بروز سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور قرارداد کی منظوری میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔