جدہ،نیویارک، پیرس (شاہد نعیم،عظیم ایم میاں، رضا چوہدری) سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، کویت ، قطر ، بحرین ، فلسطین ،سوڈان،ترکیہ ، روس اور یمن سمیت کئی ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا ، عید الفطر آج اتوار 30 مارچ کو ہوگی،غزہ میں بھی آج عید منائی جائے گی ۔ بیت المقدس کے مفتی اعظم نے بھی اتوار کو عید منانے کا اعلان کردیا ہے۔ امریکا اور کینیڈا میں مسلم کیلنڈر پر عمل کرنے والی تنظیم اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کے اعلان کے مطابق اتوار 30؍ مارچ کو عیدالفطر منائی جائے گی جبکہ رویت ہلال یعنی چاند دیکھ کر آغاز رمضان اور عیدالفطر منانے والی مسلمان تنظیموں اور مساجد کی رویت ہلال کمیٹیاں چاند دیکھے جانے کی شہادتوں کے بعداپنے فیصلوں کا اعلان کریں گی،فرانس بھر میں بھی آج بروز اتوار 30مارچ کو عیدالفطر عقیدت اور جوش جذبہ سے منائی جائے گی۔ بنگلہ دیش ، بھارت، انڈونیشیا، برونائی، ملائیشیا،عراق، شام، ایران، ،اردن اور عمان میں عید کا چاند نظرنہیں آیا جہاں عید الفطرممکنہ طور پیر کے روز ہوگی ، پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کے روز ہوگا او ر چاند نظر آنے کی صورت میں یہاں بھی عید پیر کے روز ہوگی ۔ آسٹریلیا میں چاند نظر نہیں آیا جہاں رمضان المبارک 30دنوں کا ہوگا اور عید الفطر پیر کے روز ہوگی ۔ فرانس میں ادارہ منہاج القران ، مسجد قباء ، جامعہ مسجد پیری فیت ، ادارہ فلاح الدارین ، مدنی ایسوسی ایشن سرجی پونتواز اور اسٹاک برک سڈنی پاکستانی مساجد کے علاوہ" مسکے دو پاغی "پیرس کی مرکزی جامعہ مسجد میں نماز عیدالفطر ادا کی جائے گی فقہ جعفریہ امام بار گاہ شاہ نجف ، امامیہ مڈکاسٹر میں نماز عید ادا کریں گے ۔ سعودی عرب میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مکہ، مدینہ، تبوک اور دمام سمیت 10سے زائد مقامات پر رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ سعودی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔ مملکت میں چاند نظر آگیا جس کے بعد عید الفطر آج ہوگی۔ سعودی عرب کی سدیر اور تمیر رصدگاہ میں شوال کا چاند نظر آیا۔ دوسری جانب سعودی شاہی دیوان نے عید الفطر کا اعلان کردیا اور حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔شاہی دیوان کے مطابق سعودی عرب میں عیدالفطر اتوار 30 مارچ کو منائی جائے گی، دریں اثناء امریکااور کینیڈا کے تمام مسلمانوں نے 29؍ مارچ کو متفقہ طور پر 29؍ روزے مکمل کرلئے ہیں۔ پہلے سے طے شدہ مسلم کیلنڈر پر عمل کرنے والی تنظیم اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کے اعلان کے مطابق اتوار 30؍ مارچ کو عیدالفطر منائی جائے گی جبکہ رویت ہلال یعنی چاند دیکھ کر آغاز رمضان اور عیدالفطر منانے والی مسلمان تنظیموں اور مساجد کی رویت ہلال کمیٹیاں چاند دیکھے جانے کی شہادتوں کے بعداپنے فیصلوں کا اعلان کریں۔ فلکیاتی گردش اور چاند کی گردش پر سائنسی نقطہ نظررکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ 29؍ مارچ کی شام غروب آفتاب کے بعد وسیع و عریض ممالک امریکا اورکینیڈا کےمشرقی ساحلوںاور شہروں میں چاند نظرآنےکے امکانات کم ہیں اور موسمی حالات بھی اس میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں جبکہ مغربی علاقوں یعنی لاس اینجلس اور ویسٹ کوسٹ کےدیگر علاقوں میں چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ چونکہ نیویارک اور ٹورنٹو سمیت امریکاکے مغربی علاقوں یعنی لاس اینجلس اور وینکور کے درمیان 3؍ گھنٹے ٹائم کا فرق ہے لہٰذا رویت ہلال پر عمل کرنے والی تنظیموں کے عیدالفطر کے بارے میں فیصلے کرنے میں تاخیر کا امکان ہے کیونکہ شہادتوں کیلئے کیلیفورنیا اور ویسٹ کوسٹ میں غروب آفتاب اور چاند نظرآنے کے بارے میں شہادتوںاور فیصلہ کرنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔