اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح اوراردن کےشاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عیدالفطر کی مبارکباد دی، برادر ممالک اور ان کے عوام کی خوشحالی و ترقی کی دعاکی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ، انہوں نے برادارنہ تعلقات کو مزید مضبو بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ، انہوں نے شاہ عبداللہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف کیساتھ گفتگو میں ازبک صدر شوکت مرزیو ف نے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدررجب طیب ایردوان سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔صدر ایردوان نے عید الفطر پر نیک خواہشات پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کیلئے انہی جذبات کا اظہار کیا۔دریں اثناء وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ٹیلی فونک رابطے میں کویت کے ساتھ باہمی تعاون کیلئے اپنے خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا ، انہوں نے ولی عہد کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی انتہائی پُرخلوص دعوت دی، کویتی ولی عہد نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ پاکستان سے قبل کویتی وزیراعظم پاکستان کا دورہ کرینگے، انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے اور خوشحالی کیلئے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اردن کی ہاشمی سلطنت کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے گفتگو میں غزہ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، شاہ عبداللہ نے فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی اصولی حمایت اور انسانی امداد بھجوانے کے اقدام کو سراہا۔