پشاور(وقائع نگار) تنظیم تاجران خیبرپختونخوا صدر ملک مہر الہی، جنرل،سیکرٹری شکیل احمد صراف، ترجمان شھزاد احمد صدیقی دیگر اراکین نے ضلعی انتظامیہ کیجانب سے غیر قانونی تجاوزات آپریشن کی آڑ میں ریسٹور نٹ اور دیگر کاروباری افراد کو جو نقصان پہنچایا اس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آپریشن کی پرزورمذمت کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں نے ہمیشہ اس پھولوں کے شہر پشاور کی بہتری کے لئے جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اور ہمیشہ اداروں کیساتھ بذریعہ مذاکرات مسائل کو حل کیا ہے۔ اس آپریشن سے تاجروں میں ایک غم و غصہ کی لہر نے جنم لیا ہے۔ پہلے سے ہی یہ شہر دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور تمام کاروباری افراد اپنا روزگار چھوڑ کر دوسرے ممالک اور شہروں میں نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ اگر آئندہ بھی ضلعی انتظامیہ کیجانب سے آپریشن میں تاجروں کے حقوق کو پامال کیا اور ان کے روزگار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو تمام تاجر برادری اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے مزاحمت پر مجبور ہوگی۔ اور ایسے اقدامات کیخلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ تاجر کسی قبضہ مافیاکیساتھ نہیں ہے لیکن جہاں تاجروں کے حقوق کی بات ہوگی وہاں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔