• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دریائے سندھ پر کینالز کیخلاف لیاری میں پیپلز پارٹی کی مشعل بردار ریلی

کراچی( اسٹاف رپورٹر) دریائے سندھ پر چھ کینالز بنانے کے خلاف لیاری میں بدھ کو پیپلز پارٹی کی مشعل بردار ریلی نکالی گئی ، شرکاء سے سابق صدر پی پی پی کراچی نجمی عالم ، ایم پی اے لیاری یوسف بلوچ ، پی پی پی ضلع جنوبی کے صدر جاوید ناگوری اور دیگر نےخطاب میں کہاکہ پیپلز پارٹی کے پاس وفاق میں کوئی وزارت نہیں ہے. ہم نے جمہوریت کی بحالی کے لیے کڑوا گھونٹ پیا ہے ، جمہوریت بھی چلائیں گے لیکن کینال جیسے منصوبے کے خلاف بھی بات کریں گے ہم نے مشترکہ مفادات کونسل بلانے کہ درخواست کی ہے، سندھ تہذیب ہے بندوق کی نوک پر ختم نہیں ہوسکتی،پی پی رہنمائوں نے کہا کہ ارسا کے مطابق پانی پر سندھ کا 48 فیصد حصہ ہے ،جدید زراعت کے لیے پانی ضروری ہے، پانی روکنا یعنی سندھ کا حق روکنا ہے،بعض بااثر انصاف کے اداروں کی شخصیات نے ڈیم کے نام پر رقم اکٹھا کی،انہوں نے کہا کہ کچھ ایکڑ زمین کے لیے سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین بنجر کررہے ہیں، جو کینال پر ہماری مخالفت کررہے ہیں وہ آمریت کی گود میں پلے ہیں، یہ سندھ میں بدامنی چاہتے ہیں،ہم بڑے بھائی کے پیر نہیں پکڑ یں گے ، کینال کے معاملے پر پی پی پی بدنام نہیں ہورہی ہمارا ہر کارکن جدوجہد کرے گا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید