کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کی ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری و ترجمان صیم خان نے کہا ہے کہ پانی زندگی ہے اور سندھ کا پانی کسی کو چرانے نہیں دیں گے، پیپلزپارٹی نے اقتدار کی لالچ میں سندھ کے پانی کا سودہ کر کے سندھ دشمنی کا ثبوت دیا ہے، سندھ کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کی یہ سازش کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ سندھ کے پانی کی چوری کے خلاف 3 اپریل کو گمبٹ میں ہونے والے احتجاج اور 5 اپریل کو سکرنڈ سے حیدرآباد تک نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں عوام بھرپور شرکت کریں اور دریائے سندھ پر 6 نئے نہریں بنانے کے منصوبے کے خلاف اپنا فیصلہ کن احتجاج ریکارڈ کرائے ، انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل کا تحفظ پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے، اور ہم کسی صورت انہیں سودے بازی کا شکار نہیں ہونے دیں گے ،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بنانے میں ہمارے آبا ئو اجداد نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان چوروں کو مسلط نہیں ہونے دیں گے جو پاکستان کو نقصان پہنچان رہے ہیں، یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، اور پوری قوم اپنے حقوق کے لیے سچ کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا ہے، عدل و انصاف کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا، انصاف کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور ہم اس کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے۔