• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم سبکدوش، عاصم افتخار نئے مندوب

نیویارک (عظیم ایم میاں) اقوام متحدہ میں متعین پاکستان کے سفیرمنیراکرم ایک طویل اور مثالی سفارتی کیریئر کے بعد سبکدوش ہوگئے۔ فارن سروس سے ریٹائرمنٹ کے کچھ عرصہ بعد پی ٹی آئی کے دور حکومت میں انہیں دوبارہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں جنہیں کامیابی سے ادا کرتے ہوئے منیر اکرم 31؍ مارچ کو سبکدوش ہوگئے اور ان کے جانشین نئے سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ اس سلسلے میں نیویارک میں پاکستانی صحافیوں کی جانب سے دونوں سفیروں کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں سفیر منیراکرم کی اقوام متحدہ کے محاذ پر طویل، مثالی اور شاندار خدمات کو سراہا گیا ۔ تقریب کے آرگنائزر آصف جمال، اقوام متحدہ میں متعین پاکستانی صحافیوں اور امریکا میں پاکستانی میڈیا کے صحافیوں نے اپنی تقاریر میں سبکدوش ہونے والے سفیر منیراکرم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نئے سفیر عاصم افتخار احمد کی صلاحیتوں اور تجربہ کے تناظر میں مثبت توقعات کا اظہار کیا۔ مقررین نے سفیر منیر اکرم کے اقوام متحدہ میں رول منفرد اور موثر سفارتکاری کے واقعات بھی بیان کئے۔ اقوام متحدہ میں متعین سینئر پاکستانی صحافیوں افتخار علی اور عظیم ایم میاں (جنگ/جیو) نے سیکورٹی کونسل کی توسیع کے بارے میں جنرل اسمبلی میں اتفاق رائے سے فیصلہ کرنے کی دلیل پر مبنی حکمت عملی سے بھارت کا راستہ روکنے کی پالیسی سمیت متعدد واقعات کا ذکر کرکے منیراکرم کی دور اندیش سفارتکاری کو خراج تحسین پیش کیا۔

اہم خبریں سے مزید