کراچی (نیوز ڈیسک) سوئٹزرلینڈ کی معروف گھڑی ساز کمپنی واشیروں کانسٹنٹین نے دنیا کی سب سے زیادہ پیچیدہ میکینیکل گھڑی متعارف کرا دی ہے، جو نہ صرف وقت بتاتی ہے بلکہ سورج کی حرکت کا بھی حساب رکھنے کے ساتھ ستاروں کی پیش گوئی بھی کرتی ہے۔ Les Cabinotiers Solaria Ultra Grand Complication کے نام سے پیش کی جانے والی اس واچ میں 41؍ پیچیدہ فنکشنز شامل ہیں جو اسے جدید ترین میکانیکی گھڑی بناتے ہیں۔ واشیروں کانسٹنٹین کی اس نئی گھڑی میں تین مختلف اقسام کے وقت کا اندراج موجود ہے: معمول کے مطابق 24 گھنٹے کا دن، سڈیریل وقت (زمین کے اپنے محور پر گردش کا وقت، جو عام دن سے تقریباً چار منٹ کم ہے)، اور شمسی وقت (زمین کے بیضوی مدار کے مطابق ایڈجسٹ کیا گیا وقت)۔ اس کے علاوہ، یہ گھڑی سورج کی پوزیشن، بلندی، زاویہ اور زمین کے خط استوا کے حوالے سے اس کے مدار کی تفصیلات بھی دیتی ہے۔ اس کے ڈسپلے میں 13 برجوں کو دکھایا گیا ہے، جنہیں ایڈجسٹ کر کے یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ آسمان میں یہ ستارے کب نظر آئیں گے۔ یہ گھڑی نہ صرف جدید ترین فلکیاتی ڈیٹا فراہم کرتی ہے بلکہ اس میں گھنٹی (Chime) بجنے کا ایک منفرد نظام بھی شامل ہے۔ کمپنی کے مطابق، اس پیچیدہ سسٹم کیلئے 13؍ پیٹنٹ درخواستیں دائر کی جا چکی ہیں، جن میں سے سات کا تعلق چائم میکنزم سے ہے۔ یہ گھڑی 18؍ قیراط وائٹ گولڈ سے بنی ہے اور اس میں 200 سے زائد قیمتی جواہرات، بشمول نیلم شامل ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا ڈیزائن اتنا متوازن ہے کہ یہ گھڑی کلائی پر آرام دہ محسوس ہو۔ یہ نئی واچ نہ صرف ایک جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے بلکہ فلکیاتی اور میکینیکل پیچیدگیوں کا بہترین امتزاج بھی ہے۔