• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلش بورڈ کا پٹودی ٹرافی ختم کرنے کا فیصلہ، شرمیلا ٹیگور پریشان

کراچی(عبدالماجدبھٹی) انگلش بورڈ نے پٹودی ٹرافی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس پر ان کی اہلیہ شرمیلا ٹیگور پریشان ہوگئیں تاہم بھارتی بورڈ خاموش ہے ۔ ای سی بی نے پٹودی کے بیٹے اور بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کو خط لکھ کر اس فیصلے سے آگاہ کردیااور کہا کہ ٹرافی کو ریٹائر کررہے ہیں۔ نواب منصور پٹودی سے منسوب ٹرافی بھارت انگلینڈ سیریز کی فاتح ٹیم کو دی جاتی ہے۔ اہلیہ شرمیلا ٹیگور کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی ٹائیگر کی میراث کو یاد رکھنا چاہتی ہے یا نہیں، یہ ان کا فیصلہ ہے میں اس بارے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتی۔ ذرائع بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ جون میں بھارتی ٹیم پانچ ٹیسٹ کھیلنے انگلینڈ جائے گی۔ انگلش بورڈ سے درخواست کررہے ہیں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ٹائیگر نواب منصور علی خان پٹودی سے منسوب پٹودی ٹرافی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ ٹرافی بھارت اور انگلینڈ کے درمیان انگلینڈ میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے فاتح کو دی جاتی تھی۔جون میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ فائنل کے بعدبھارتی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے۔تاہم سیریز سے قبل اس بارے میں باضابطہ اعلان کیا جائے گا ۔جون جولائی میں روہت شرما کی قیادت میں بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ای سی بی نے بھارت کے سابق کپتان مرحوم منصور علی خان پٹودی کے بیٹے، بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کو خط لکھ کر اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ اس نے منصور علی خان کی اہلیہ، مشہور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیاہے ۔ انہوں نے کہا، مجھے ای سی بی سے براہ راست کوئی اطلاع نہیں ملی، لیکن انہوں نے سیف کو خط لکھا ہے کہ وہ ٹرافی کو ریٹائر کر رہے ہیں۔ اگر بی سی سی آئی ٹائیگر کی میراث کو یاد رکھنا چاہتی ہے یا نہیں، یہ ان کا فیصلہ ہے میں اس بارے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتی۔بی سی سی آئی نے ابھی تک اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا اور خاموش ہے۔البتہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں انگلش بورڈ سے درخواست کررہے ہیں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔پٹودی ٹرافی پہلی بار 2007 میں دونوں ممالک کے درمیان 75 سالہ کرکٹ تعلقات کے موقع پر شروع کی گئی تھی۔نواب منصور علی خان پٹودی کے والد نواب افتخار علی خان پٹودی1932اور1946میں بھارت اور انگلینڈ دونوں ملکوں کی جانب سے ٹیسٹ کھیل چکے ہیں۔منصور علی خان پٹودی نے1961سے1975تک بھارت کے لئے 46ٹیسٹ کھیلے۔ایک حادثے میں ان کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی اور وہ ایک آنکھ سے انٹر نیشنل کرکٹ کھیلتے رہے۔کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد وہ صحافت کے پیشے سے منسلک ہوگئے۔نواب پٹودی کے فرسٹ کزن اور مشہور سفارت کار شہر یار محمد خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رہے.یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شرمیلا ای سی بی کی وجہ سے پریشان ہوئی ہیں۔ایک بار"انگلش ٹیم کو تصویر کے بنانے اورجشن منانے کے لیے لے جایا گیا اور ٹائیگر پٹودی کو ٹرافی کے پاس کھڑا کیاگیا۔
اہم خبریں سے مزید