کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئر مین آفاق احمد نے کہا ہے کہ 12اپریل ِ کراچی میں بسنے والوں کیلئے نئی سحر کا آغاز ہوگا، قتل و غارت گری کے سبب عید کی خوشیاں بے رنگ لگ رہی ہیں،تمام مایوس کن حالات کے پیچھے نااہل و کرپٹ حکمرانوں کا ہاتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہا ئشگاہ پر عید کے تیسرے روز سیاسی وسماجی شخصیت، آل تاجر سندھ اتحاد سمیت مختلف تاجر یونینز کے وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر آفاق احمد نے ان تمام افراد کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور عید کی مبارک باد پیش کی۔ آفاق احمد نے کہا کہ تمام ملک ہی مشکل دور سے گزر رہا ہے،ہر جانب قتل و غارت گری اور دہشت گردی کی کاروائیوں نے ملک کے پر سکون ماحول کو سوگوار بنا یا ہوا ہے کہیں ڈمپر و ٹینکر نے معصوم شہریوں کو ڈمپر تلے کچل دیا ہے تو کہیں اسٹریٹ کریمنل کے ہاتھوں شہریوں کوگولیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔