• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی نئی نہر (کینال) کی منظوری نہیں دی گئی، شرجیل انعام میمن

حیدرآباد(بیورورپورٹ)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کسی بھی نئی نہر (کینال)کی منظوری نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ دریائے سندھ پر کسی بھی کینال کی تعمیر کے خلاف ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ ہمارا کالا باغ ڈیم سمیت ہر اس منصوبے کے خلاف واضح اور دوٹوک موقف رہا ہے،ہمیں افہام و تفہیم کی مثال قائم کرتے ہوئے متحد ہوکر ملکی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ وہ اپنی رہائش گاہ راول ہاس، ٹنڈو جام، حیدرآباد میں عیدالفطر کی نماز کی ادا ئیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر ررہے تھے ۔شرجیل انعام میمن نے مزید کہاکہ دشمن ممالک پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، مگر ہم سب متحد ہوکر ان کے عزائم کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ ٹریفک حادثات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹریفک کنٹرول پولیس کی ذمہ داری ہے، تاہم ڈمپر اور ہیوی ٹریفک چلانے والے ڈرائیوروں کو مزید احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیڈسٹرین برج (پیدل چلنے والے پل)موجود ہونے کے باوجود عوام اس کا استعمال نہیں کرتے، جو ایک خطرناک عمل ہے۔ عوام الناس کو چاہیے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل کو مزید سخت کیا جائے گا تاکہ غیر تربیت یافتہ افراد کے ہاتھ میں گاڑی نہ آئے۔ حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری لانے کے لیے ایم وی آئی (موٹر وہیکل انسپکشن)سینٹرز کی تعداد دو سے بڑھا کر 24کر دی ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مزید سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ عید کے بعد ایم وی آئی قوانین کو سختی سے نافذ کیا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید