• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی، فلم کے ٹیزر پر بھارت میں ہنگامہ

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی، فلم کا ٹیزر جاری ہوتے ہی بھارت میں ہنگامہ، انتہا پسند تنظیموں اور فلم ایسوسی ایشنز نے فلم پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔ انسٹاگرام پر پاکستانی اداکار نے آنے والی بالی ووڈ فلم کا ٹیزر شیئر کیا۔ فواد خان تقریباً نو برس بعد ایک مرتبہ پھر بالی وڈ فلم ’عبیر گلال‘ میں انڈین اداکارہ وانی کپور کے ساتھ سنیما گھروں کی پردہ سکرینوں پر جلوہ گر ہوں گے۔ فلم ’عبیر گُلال‘ رواں برس 9 مئی کو ریلیز ہو گی۔ فواد خان کے ساتھ اس میں فلم میں لیزا ہیڈن، رِدھی ڈوگرا، فریدہ جلال اور پرمیت شیٹھی سمیت متعدد انڈین اداکار شامل ہیں۔ لیکن ماضی کی طرح ایک بار پھر ان کی نئی فلم کا ٹریلیر ریلیز ہوتے ہی انڈیا میں ایک سخت ردعمل دیکھنے میں آیا ہے اور ملک میں انتہا پسند گروہوں نے اس فلم کی ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مہاراشٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) اور شیو سینا نے ملک میں فواد خان کی فلم کی ریلیز کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انڈو ایشین نیوز سروس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں ایم این اس کے رہنما امے کھوپکر کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی اداکاروں یا پاکستانی فلموں کی مخالفت ہم پہلے سے کرتے آ رہے ہیں اور آگے بھی کریں گے۔‘ ’پاکستانی اداکار کو لے کر یہاں کوئی بھی فلم ریلیز نہیں ہو گی اور کوئی کوشش بھی نہ کرے اسے ریلیز کرنے کی۔‘ ان مزید کہنا تھا کہ ’میں تو چیلنج کرتا ہوں کہ اگر ہمت ہے تو کوئی اسے ریلیز کر کے دکھائے۔‘
اہم خبریں سے مزید