اسلام آباد(صالح ظافر) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بین الاقوامی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کے بانی چیئرمین بن گئے ہیں۔ یہ اعلان سیول میں منعقد ایک عالمی فورم میں کیا گیا، جو پارلیمانی مکالمے کے فروغ، پائیدار ترقی کے حصول، اور کلائمیٹ چینج، قابل تجدید توانائی، اور پانی کی قلت جیسے اہم عالمی چیلنجز پر تعاون کے فروغ کے لیے مختص ہے۔ اس پیش رفت کو پاکستان کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت سے دیکھا جا رہا ہے۔یہ فیصلہ یوسف رضا گیلانی کے حالیہ دورۂ کوالالمپور کے دوران کیا گیا، جو نہایت کامیاب اور نتیجہ خیز رہا۔ بعد ازاں انہوں نے سیول میں ISC کے حوالے سے ایک خصوصی بریفنگ سیشن میں بھی شرکت کی۔ ISC کی باضابطہ افتتاحی تقریب آئندہ سال سیول، جنوبی کوریا میں ہونے والے ورلڈ سمٹ 2025 کے موقع پر منعقد ہو گی، جو یونیورسل پیس فیڈریشن (UPF) کے زیر اہتمام منعقد ہو رہا ہے۔ اس سمٹ میں دنیا کے 150 ممالک سے 500 مندوبین اور 45 پارلیمانی اسپیکرز شرکت کریں گے۔اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی کو ایک اعزاز سے بھی نوازا گیا، جس کے ساتھ ایک تعریفی سند بھی دی گئی، جس میں ان کی قیادت، بین الپارلیمانی روابط قائم کرنے، اور امن، خوشحالی اور جمہوری اقدار پر مبنی مشترکہ عالمی ایجنڈے کے فروغ میں ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا گیا۔چیئرمین گیلانی کے کوالالمپور کے دورے اور بعد ازاں ISC کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے ان کی تقرری کو پاکستان کے عالمی پارلیمانی سطح پر اثر و رسوخ میں نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، بالخصوص بین الپارلیمانی تعلقات کو مستحکم کرنے، علاقائی تعاون بڑھانے، اور مشترکہ معاشی و سفارتی اہداف کے حصول کے ضمن میں۔