• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہارورڈ یونیورسٹی کے مڈل ایسٹرن سینٹر کے دو سینئر عہدیدار ’’اچانک‘‘ مستعفی

کراچی (نیوز ڈیسک) ہارورڈ یونیورسٹی کے مڈل ایسٹرن اسٹڈیز سینٹر کے دو سینئر عہدیداروں نے استعفیٰ دیدیا ہے، کیونکہ سینٹر کو اسرائیل مخالف تعصب کے الزامات کا سامنا تھا۔ یہ استعفے ایک ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ نے ایسے تعلیمی اداروں کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جہاں گزشتہ فلسطین کے حق میں احتجاج ہوئے تھے۔ رواں ہفتے کولمبیا یونیورسٹی کی صدر نے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔ بدھ کو ہارورڈ کے انٹرن ڈین آف سوشل سائنسز ڈیوڈ کٹیلر نے سینٹر کے ارکان کو ایک ای میل میں اطلاع دی کہ سینٹر کے ڈائریکٹر جمال کفادار (ترک مطالعات کے پروفیسر) تعلیمی سال کے اختتام تک اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ تاریخ کی پروفیسر روزی بشیر نے بھی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ کا اعلان کیا ہے۔ توقع ہے کہ دونوں اپنے تدریسی عہدوں پر کام جاری رکھیں گے۔ نیویارک ٹائمز سے بات کرنے والے بعض فیکلٹی اراکین کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ کفادار اور بشیر کو ان کے عہدوں سے برطرف کیا گیا ہے۔ امریکن ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی پروفیسرز کی ہارورڈ چیپٹر کے ایگزیکٹو کمیٹی نے ایک بیان میں ان استعفوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کو اچانک برطرف کیا گیا ہے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات کے تناظر میں، یہ فیصلہ یونیورسٹی کی جانب سے ایک شرمناک کوشش معلوم ہوتی ہے تاکہ ٹرمپ انتظامیہ سے سزا سے بچا جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید