کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شہزاد قادری نے حکومت سندھ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مزار عبداللہ شاہ غازی پر مذہبی منافرت اور انتشار پھیلانے کی سازش کرنیوالوں کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کومرکز اہلسنت پر اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے مزار کو سیل کردیا جس سے دنیا میں ہمارا مذاق بنا ،سندھ حکومت کو شرپسندوں کی بیخ کنی کرتے ہوئے مزار مبارک کی سیکیورٹی کے مزید سخت انتظامات کرنا چاہئے تھے اور مزار کو زائرین کیلئے کھلا رکھا جاتا تو اس سے سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالوں کی حوصلہ افزائی ہوتی اور شرپسندوں کے حوصلے پست ہوتے،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان سنی تحریک کا کردار سب کے سامنے ہے،انہوں نے الزام لگایا کہ سندھ حکومت کی صفوں میں موجود چند وزراء کراچی میں مذہبی فسادات کروانا چاہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سیدنا عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر اہلسنت نظریئے کے تحت مذہبی رسومات ادا کی جاتی ہیں اور محکمہ اوقاف نے بھی اس سلسلے کیں کئی بار نوٹیفی کیشن جاری کیا ہے ۔