کراچی (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر ساجد خان نے حالیہ انٹرویو میں ایسا بیان دیا جس نے سب کو ہنسا دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں ساجد خان نے کہا کہ اگر وہ کرکٹر نہ ہوتے تو وہ ’’گینگسٹر‘‘ ہوتے۔ یہ برجستہ جواب انہوں نے مسکراتے ہوئے دیا۔ جس پر وہاں موجود لوگوں نے قہقہے لگادیے۔ خیال رہے کہ ساجد خان میدان میں اپنے جارحانہ انداز میں کامیابی کا جشن منانے کیلئے مشہور ہیں۔ انہوں نے 12 ٹیسٹ میچز میں 59 وکٹیں حاصل کی ہیں، جن کا اوسط 27.28 ہے۔ علاوہ ازیں ایک سوال پر انہوں نے بابر اعظم کو دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیا اور ویرات کوہلی کو اب تک کا بہترین بھارتی کھلاڑی بھی کہا۔ خیال رہے کہ ساجد خان نے 2024 میں راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بھی مزاحیہ جواب دے کر میڈیا نمائندوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا تھا۔ جب ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ انگلش بیٹسمینوں کو ڈرا رہے ہیں، تو ساجد خان نے جواب دیا، میں نے تو کسی کو نہیں ڈرایا، آپ لوگ کہتے ہیں کہ ڈرا دیا ہے، اللہ نے مجھے ایسا چہرہ دیا ہے کہ اگر میں ہنسوں بھی تو لوگ ڈر جاتے ہیں۔