شارجہ (نمائندہ خصوصی) جنوبی افریقا کی ٹیسٹ سیریز میں محمد رضوان کی شمولیت کے امکان کم ہیں، روحیل نذیر کو ٹیسٹ کیپ دینے پر غور ہورہا ہے جبکہ بابر اعظم ایکشن میں دکھائی دینگے۔ ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ریڈ بال کیمپ کا آغاز 9تمبر سے میں شروع ہو گا جس میں عبداللہ شفیق، علی رضا، اذان اویس، بابر اعظم، کامران غلام ، محمد علی، محمد حریرہ، محمد سلمان، روحیل نذیر، ساجد خان اور شامل حسین شریک ہونگے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے2025 سے2027کے سائیکل میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنی مہم اگلے ماہ لاہور میں عالمی چیمپئن جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز سے کریگی ۔ پی سی بی نے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو نظر انداز کیا ہے جس پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ پی سی بی کے مطابق پہلا ٹیسٹ 12 تا 16 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور اور دوسرا 20 تا 24 اکتوبر راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی راولپنڈی، جبکہ باقی لاہور میں ہوں گے۔ فیصل آباد 17 برس بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا۔ ون ڈے سیریز 4 تا 8 نومبر تک ہوگی۔