واشنگٹن، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) چین نے امریکا کیخلاف جوابی اقدام کرتے ہوئے امریکی مصنوعات پر اضافی 34فیصد ٹیرف عائد کردیا ، چینی وزارت خزانہ کے مطابق ٹیرف کا اطلاق 10اپریل سے ہوگا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے مزید اکساتے ہوئے بیجنگ کے اقدام کو غلطی قرار دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ چین گھبراگیا ہے ، میری پالیسی کبھی تبدیل نہیں ہوگی ۔ چین کے جوابی اقدام سے امریکی و یورپی مارکیٹوں میں مندی کا رحجان رہا ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس میں تین فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق چین نے بھی امریکی مصنوعات پر اضافی 34فیصد ٹیکس عائد کردیا ۔ چینی وزارت خزانہ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے چینی مصنوعات پر ٹیرف کا نفاذ ’عالمی تجارتی اصولوں کے خلاف ہے۔ دوسری طرف چینی وزارت کامرس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین نے امریکی ٹیرف کے خلاف ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جوابی ٹیرف کے چینی اقدام پر ردعمل دیا ہے۔