لاہور(خبرنگار)نہم جماعت کے امتحانات کے دوران بعض اضلاع کے امتحانی سنٹرز میں نقل مافیا سے متعلق شکایات پر وزیر تعلیم نے سخت نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ قصور، اوکاڑہ، ننکانہ، ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی، وہاڑی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے چند امتحانی سنٹرزکی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اداروں اور عملہ کے نام ہم تک پہنچ چکے ہیں۔ کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ کریک ڈاؤن کی غرض سے خود مختلف اضلاع میں نکل رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مافیا کو نہیں چھوڑیں گے۔ جو امیدوار نقل کرتا پکڑا گیا وہ 5 سال تک امتحان کیلئے نا اہل قرار پائے گا۔ وزیر تعلیم نےکہا کہ نقل مافیا سے متعلق شکایات کی صورت میں ہیلپ لائن نمبر 03160261408 پر اطلاع دیں۔ خفیہ مانیٹرنگ ٹیموں اور بورڈ و محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی ٹیموں کو بھی امتحانی سنٹرز کی خفیہ نگرانی سخت کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔