اسلام آباد( نیوز رپورٹر) اسلام آباد کی کرنل شیر خان روڈ( اآئی جے پی ) سے ملحقہ سروس روڈ نارتھ پر ٹھیکیدارنے کام بند کردیا۔ ذرائع کے مطا بق سروس روڈ نارتھ پر کام فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث روک دیا گیا۔ پراجیکٹ پر سیوریج ، ڈرین ایج، سائٹ پروٹیکشن، برج پروٹیکشن اور نالہ کلیئرنس سمیت 80فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ پراجیکٹ پرزیادہ تر اسفالٹ (کارپیٹنگ ) کا کام باقی ہے۔ پراجیکٹ چھ ماہ پہلے موجود چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ایک ارب روپے مالیت کی رقم سے شروع کروایا تھا۔ 10 سال سے زیادہ عرصہ کے بعد سروس روڈ کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا۔ سروس روڈ 8کلو میٹر طویل ہے جو آئی نائن سے آئی ٹویلیو تک جاتی ہے۔آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون ، آئی ٹویلیو اورسب سیکٹرز کے رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے چیئر مین سی ڈی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی کام بحال کرکے اسے جلد مکمل کیا جا ئے۔