اسلام آباد(جنگ نیوز)ممبر سنٹرل کور کمیٹی یونائیٹڈ بزنس گروپ (ایف پی سی سی آئی) اور سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اپنی قوم اور بزنس کمیونٹی سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کر دکھایا ہے تاہم پیک آورز کو فوراً ختم کرکے یکساں نظام متعارف کرایا جائے، تاکہ صحیح معنوں میں عوام کو ریلیف مل سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بزنس کمیونٹی کے اعلی سطح وفد سے بات چیت کرتے کیا،احسن بختاوری نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے گروپ لیڈر گوہر اعجاز اور پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ گوہر اعجاز اور ایس ایم تنویر کی قیادت میں یو بی جی نے اس اہم مسئلے پر بھرپور کوشش کی اور کاروباری طبقے کی آواز کو بلند کیا۔احسن بختاوری نے کہا کہ پیک آورز پر بجلی یونٹ کے ریٹ پر بھی نظر ثانی کی جائے۔ احسن بختاوری نے اس بات پر زور دیا کہ پیک آورز کو فوراً ختم کر کے یکساں نظام متعارف کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شام 5 بجے سے رات 11بجے تک پیک آورز ہیں اور یہی وہ وقت ہے جب کاروبار زیادہ تر چل رہے ہوتے ہیں۔