اسلام آباد ( نیو زرپورٹر ،اپنے نامہ نگار سے)مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے علاقے لوہی دندی اور روملی میں رات گئے دو بارہ اآگ لگ گئی جو پورے جنگلمیں پھیل گئی ۔ سی ڈی اے تر جمان کے مطابق اچانک لگنے والی جنگلی آگ کو سی ڈی اے، فائر فائٹرز، ضلعی انتظامیہ اور مقامی رضا کاروں کے باہمی تعاون سے کامیابی سے قابو میں لے لیا گیا۔ مشکل ترین جغرافیائی حالات اور پیدل چلنے والے راستوں کے باوجود 51 سے زائد فائر فائٹرز اور سی ڈی اے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ انوائرمنٹ ونگ کے افسران کی نگرانی اور فائر فائٹرز کی فوری کارروائیوں کے باعث آگ کو ایک محدود علاقے تک روک لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کا عملہ، فائر فائٹرز، ضلعی انتظامیہ اور رضاکاروں کی بے مثال ہم آہنگی نے اس بحران کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آگ بجھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی جیسے ڈرونز کا استعمال بھی کیا گیا۔ علی رندھاوا نے عوام سے اپیل کی کہ غیر تصدیق شدہ اطلاعات سے گریز کریں اور ایمرجنسی صورت حال میں سی ڈی اے کے کنٹرول روم 1122 پر فوری رابطہ کریں۔ ادھر نور پور رینج میں آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ۔