راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)اڈیالہ جیل میں لگائی گئی ٹف ٹائل اور فینائل بنانے کی فیکٹریوں نے پیداوارشرع کردی ،جیل ذرائع کے مطابق پریژنزفاؤنڈیشن کے تعاون سے سینٹرل جیل راولپنڈی میں 40لاکھ روپے کی لاگت سے ٹف ٹائل بنانے کی فیکٹری نے باقاعدہ کام شروع کردیاہے مذکورہ فیکٹری رواں سال فروری میں مکمل کی گئی ،جب کہ اڈیالہ جیل میں فینائل بنانے کی فیکٹری نے گزشتہ سال کے آواخر میں کام شروع کردیاتھا ،جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے جنگ کے استفسارپربتایاکہ اڈیالہ جیل میں لگائی گئی فینائل بنانے کی فیکٹری میں تیار ہونے والی فینائل اعلیٰ کوالٹی کی ہے اور صوبے بھرکی 44جیلوں میں یہ فینائل فراہم کی جارہی ہے ،جب کہ ٹف ٹائل کی فیکٹری نے بھی کام شروع کردیاہے اڈیالہ جیل کے قیدی ان دونوں فیکٹریوں میں کام کررہے ہیں اور اس حوالے سے خصوصی تربیت دلوائی گئی ہے ،انہوں نے کہاکہ جیل انڈسٹری سے حاصل ہونے والی آمدنی بطور معاوضہ قیدیوں کے جیل بینک اکاؤنٹ میں جمع کروائی جائے گی۔ اس حوالے سے گورنمنٹ کی فیکٹری میں کام کرنے والے قیدیوں کو آمدنی میں 25سے 40فی صد حصہ دینے کی تجویزہے جب کہ آمدنی کا50فیصد فیکٹری میں اشیاء کی تیاری پر صرف کیاجائے گا،سپرنٹنڈنٹ جیل کاکہناتھاکہ جیل انڈسٹری میں کام کرنے والے قیدیوں کونہ صرف معاوضہ ملے گابلکہ رہائی کے بعدوہ معاشرے میں بطور ہنرمند مفید کردار اداکرسکیں گے ۔