راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے حوالے سے واک کا انعقاد کا کیا گیا، واک میں ارکان صوبائی اسمبلی، پولیس افسران، طلباء و طالبات، سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی، واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کی تباہ کاریوں بارے آگاہ کیاگیاتھا، شرکاء نے حکومت پنجاب کے منشیات کے خلاف اقدامات اور راولپنڈی پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے بات چیت کی، اس موقعہ پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن صباء ستار کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی ویژن اور احکامات کے مطابق منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا ہے، منشیات کے نقصان سے آگاہی کی مہم بھی شروع کی گئی ہے، انہوں نے کہاکہ منشیات کے خلاف راولپنڈی پولیس کی کارکردگی پنجاب بھر میں بہترین ہے، ایس ایس پی انوسٹی گیشن کا کہنا تھاکہ 2000 کے قریب منشیات سپلائرز اور سمگلرز کو گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ 400 سے زیادہ بڑے منشیات فروش اور سپلائرز جیل میں 20 سال سے 10 سال کی سزا کاٹ رہے ہیں، راولپنڈی پولیس منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن کر رہی ہے، ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی کا کہنا تھاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،منشیات کے خلاف جنگ میں سول سوسائٹی کا تعاون انتہائی اہم ہے، منشیات سپلائرز کی گرفتاری اور سزایابی کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں،اس موقعہ پر ارکان صوبائی اسمبلی کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ پنجاب کو ڈرگ فری بنایا جائے،راولپنڈی پولیس کی اس کاوش میں ان کے ساتھ ہیں، منشیات فروشوں کے خلاف اس جنگ میں راولپنڈی پولیس کی کارکردگی قابل تحسین ہے،سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھاکہ راولپنڈی سے منشیات کا خاتمہ یقینی بنائیں گے، نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیلنے والے منشیات سپلائرز قانون سے نہیں بچ سکتے، گزشتہ دو سال میں راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا منشیات کے مکمل خاتمہ کے لئے گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔