بارسلونا کے ساحل پر نہاتے ہوئے 18 سالہ پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک 19 سالہ نوجوان کو آئی سی یو میں داخل کردیا گیا۔
گزشتہ شام 3 نوجوانوں کو سمندر سے باہر نکلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ساحل پر موجود شہری دفاع کے عملہ نے اطلاع موصول ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ان نوجوانوں کو باہر نکالا۔
ہولیس اور ایمرجنسی سروسز نے فی الفور موقع پر پہنچ کر متاثرین کو طبی امداد فراہم کی۔
سمندر میں پھنسے نوجوانوں کو ریسکیو کے دوران 18 سالہ پاکستانی نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک 19 سالہ نوجوان کی حالت تشویش ناک تھی، جسے فوری مقامی اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔
اسپتال میں زیر علاج نوجوان کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا، جبکہ تیسرے نوجوان کی حالت، تسلی بخش تھی۔
حکام کے مطابق ساحل پر سبز پرچم لہرا رہا تھا جو کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے پاک ساحل کی نشاندہی کرتا ہے۔
سانت ادریا دے بسوس کے میئر فیلو کانیعیتے کے مطابق ساحلِ سمندر پر مددگار ٹیم تعینات تھی، جس نے فوری طور پر ان ڈوبتے نوجوانوں کی مدد کی۔
پاکسنی قونصل خانہ بارسلونا کے مطابق جاں بحق نوجوان کا نام عبدالوہاب اور اسپتال میں زیرِ علاج نوجوان کا نام شاہ میر ہے۔
قونصل خانہ بارسلونا محکمہ صحت حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔