• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ انتظامیہ سے پہلا اعلیٰ سطح رابطہ، امریکی وزیر خارجہ اور اسحاق ڈار افغانستان میں امریکی اسلحہ کا معاملہ حل کرنے پر متفق

اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں) ٹرمپ انتظامیہ ، پاکستان کے درمیان پہلا اعلیٰ سطح رابطہ ہوا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان میں امریکی فوجی سامان کا معاملہ حل کرنے پر اتفاق ہوا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا کیساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان سے معاشی تعاون کو مستقبل کے تعلقات کیلئے اہم قرار دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈارنے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرکے کیلئے پُرعزم ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے امریکا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کے معدنیات سمیت تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی تعاون مستقبل کے تعلقات کیلئے اہم ہے۔ اس دوران اسحاق ڈار نے 2013ء سے 2018ء کے درمیان دہشت گردی کیخلاف کامیاب جنگ کا بھی ذکر کیا جس میں پاکستان نے بڑاجانی اور مالی نقصان برداشت کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انسداد دہشت گردی کیلئے مستقبل کے تعاون کیلئے امریکا کی جانب سے دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ امریکی وزیر خارجہ نے افغانستان میں امریکی فوجی سامان کا معاملہ حل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مشترکہ مفادات کیلئے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ دریں اثناء امریکا نے دہشت گردی کے خلاف تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے اور ایک منصفانہ اور متوازن تجارتی تعلق قائم کرنے کیلئے نئے راستے تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کے مطابق یہ پیغام امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے گفتگو میں دیا۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ روبیو نے داعش خراسان کے رکن محمد شریف اللہ کی گرفتاری اور امریکا حوالگی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی میں تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ رہنماؤں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون اور غیر قانونی امیگریشن کے مسائل پر بھی بات چیت کی۔ امریکی وزیرخارجہ نے امریکا اور پاکستان کے درمیان باہمی محصولات پر بات کرنے اور ایک منصفانہ و متوازن تجارتی تعلق کو فروغ دینے کیلئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ امریکی وزیر خارجہ روبیو نے پاکستان میں اہم معدنیات میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے تجارتی مواقع کو وسعت دینے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی دو سالہ غیر مستقل رکنیت کے دوران عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر بھی اتفاق کیا۔

اہم خبریں سے مزید