• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ ٹیرف، عالمی اسٹاک مارکیٹیں کریش، کھربوں ڈالر ڈوب گئے، تیل کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی مندی

نیویارک / لندن / کراچی (نیوز ایجنسیز / نیوز ڈیسک / اسٹاف رپورٹر) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عائد ٹیرف کے نتیجے میں عالمی اسٹاک مارکیٹس کریش کر گئیں، کھربوں ڈالر ڈوب گئے، تیل کی قیمتیں 5سال کی کم ترین سطح پر آگئیں،پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی تاریخی مندی ہوئی ، بڑی اسٹاک مارکیٹوں میں نیویارک کی ڈاؤ 2.9، نسڈک2.1، لندن 4.4، پیرس 4.8، فرینکفرٹ 4.1، ٹوکیو7.8،ہانگ کانگ 13.2، شنگھائی 7.3فیصد گر گئیں ، خال تیل 2فیصد کم ہوکر 60.72ڈالر فی بیرل ہوگیا، ڈالر کی قدر بھی کم ہوگئی ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کی طوفانی لہر کے باعث 100انڈیکس 3882پوائنٹس کم ہوئے، سرمایہ کاروں کے 474ارب روپے ڈوب گئے ،ادھر سعودی اسٹاک میں 500؍ ارب ریال کا خسارہ ہوا جبکہ بھارت میں انویسٹرز کے 20لاکھ کروڑ روپے برباد ہوگئے ، عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کاکہنا ہے کہ عالمی کساد بازاری کا خطرہ منڈلانے لگا، تجارت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ، جے پی مورگن نے کہا ہے کہ ٹیرف جنگ اور اسٹاکس کریش کرنے سے مہنگائی بڑھے گی ۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف کے بعد معاشی بےیقینی سے دوچار امریکیوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے بالکل گھبرانا نہیں ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو دھمکی دی ہے کہ اگر بیجنگ نے امریکی مصنوعات پر عائد جوابی محصولات کل تک واپس نہیں لیے وہ چینی درآمدات پر مزید 50فیصد ٹیرف عائد کر دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عائد کردہ ٹیرف کے نتیجے میں عالمی سٹاک مارکیٹیں کریش کر گئیں، کھربوں ڈالر ڈوب گئے، تیل کی قیمتیں 5سال کی کم ترین سطح پر آگئیں،پاکستانی مارکیٹ میں بھی 3882پوائنٹس کی تاریخی مندی دیکھی گئی ،دو روز میں امریکی سرمایہ کاروں کے 60کھرب سے زائد ڈوب گئے، جاپان، کوریا، سنگاپور کے علاوہ سعودی عرب، قطر،کویت سمیت مشرق وسطیٰ کی مارکیٹوں میں بھی گراوٹ دیکھنے میں آئی ۔آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائیرکٹر کرسٹینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ سست شرح نمو کے وقت امریکی ٹیرف عالمی معیشت کیلئے خطرہ ہے۔امریکی صدر کا کہنا ہے کہ تجارتی خسارے کے حل تک دوسرے ممالک سے کوئی معاہدہ نہیں کرینگے، بعض اقدامات کسی چیز کوٹھیک کرنے کیلئے دوا لینی پڑتی ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر سٹاک مارکیٹ میں اتارچڑھاؤ پیدا نہیں کیا۔ امریکا کی گزشتہ بے وقوف قیادت کو دنیا نے بری طرح استعمال کیا، ٹیرف سے اربوں ڈالر امریکا لارہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹ کے مستقبل سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا، چین کے ساتھ تجارتی خسارہ حل کئے بغیر مذاکرات نہیں ہو سکتے، ٹیرف کے حوالے سے یورپی اور ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے بات چیت ہوئی ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز شدید مندی کا رجحان ہے، جس کی وجہ سے کاروبار بند کرتے ہوئے آؤٹ اسٹینڈنگ سودے منسوخ کردیے گئے۔

اہم خبریں سے مزید