• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معدنی ذخائر قرض اتار سکتے ہیں، ملک میں کھربوں ڈالر کی معدنیات کے ذریعے IMF کو خیرباد کہہ سکتے ہیں، خام مال باہر بھیجنے کی اجازت نہیں دینگے، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ، ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ معدنی ذخائر قرض اتار سکتےہیں،ملک میں کھربوں ڈالر کی معدنیات کے ذریعے آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ سکتے ہیں، خام مال باہر بھیجنے کی اجازت نہیں دینگے،کئی غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کو کامیاب معاہدوں میں تبدیل کرینگے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان عالمی معدنی معیشت میں رہنما کے طور پر ابھرنے کیلئے تیار ہے، سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے مضبوط سیکورٹی فریم ورک فراہم کریں گے،عوام کے پیروں تلے معدنیات کے ذخیرے اور ہاتھوں میں مہارت ،مایوسی کی گنجائش نہیں۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں،سی ای او بیرک گولڈ کا کہنا تھا کہ معدنی وسائل ہی ترقی کا ذریعہ ہیں،اعلیٰ سطح کےامریکی وفد کے سربارہ ایرک مائر نے کہا کہ منرلز فورم یکساں مواقع فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں 2 روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025ء کے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ، اراکان اسمبلی، پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر،چین، عرب ، خلیج، امریکا اور یورپ سمیت کئی ممالک کے سفراء اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فورم کے انعقاد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، فورم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافے کا باعث بنے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے پر پیشرفت حوصلہ افزاء ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری سب کیلئے سود مند ہے، پاکستان میں دنیا کے سب سے بڑے کوئلے کے ذخائر موجود ہیں، امریکا، چین اور یورپ سمیت تمام ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، ہم نے اپنی مصنوعات کی ویلیوایڈیشن کر کے برآمدات کو فروغ دینا ہے۔

اہم خبریں سے مزید