کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی جس کو چاہتی ہیں ان سے عمران خان ملتے ہیں ،نمائندہ جیو نیوز شبیر ڈار نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی فیملی کو بھی حسب منشا ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔ عمران خان کو ان کے بچوں سے بھی بات کرائی گئی ہے،نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی نے کہاکہ تحریک انصاف میں تقسیم واضح ہوگئی ہے ۔ ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ ان کے اندر سیاسی رویہ نہیں ہے کیوں کہ یہ جماعت بھرتی ہوئی ہے اگر جنرل پاشا یا جنرل فیض نہ ہوتے تو یہ جماعت نہیں بنتی ۔ عمران خان کا رویہ سیاسی نہیں ہے ان کے فیصلوں سے ہر چیز واضح ہے۔ علیمہ خان کی ملاقات سے متعلق طلال چوہدری نے کہا کہ بشریٰ بی بی جس کو چاہتی ہیں ان سے عمران خان ملتے ہیں ۔ان کے پارٹی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور سب ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں اس میں ہمارا قصور نہیں ہے۔ بشری بی بی کی سہولتوں سے متعلق کہا کہ یہ لوگ کہتے تھے کہ غریب امیر کا ایک ہی اسٹیٹس ہو اب کہتے ہیں کہ ہم وی آئی پی قیدی ہیں۔ عمران خان کو مینول کے مطابق بالکل ٹریٹ کیا جارہا ہے بلکہ مینول سے زیادہ مراعات کے ساتھ ٹریٹ کیا جارہا ہے نوازشریف نے تو کہا ہے کہ ایک نہیں دو اے سی لگا دیں۔