راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی کے میگا پراجیکٹ اڈیالہ روڈ خواجہ کارپوریشن فلائی اوور منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ، ٹرانزم پر گرڈر رکھنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز شام تک 11گرڈر ٹرانزم پر رکھ دیئے گئے تھے جبکہ مجموعی طور پر 56گرڈرز رکھے جانے ہیں ۔محکمہ ہائی وے پنجاب حکام کے مطابق ایک ہفتہ کے دوران تمام گرڈرز رکھنے کا کام مکمل کر لیا جائے گا ۔ فلائی اوور کے دونوں طرف مٹی سے فلنگ کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ادھر محکمہ کے بعض حکام نے تقریباً ایک ماہ قبل دعویٰ کیا تھا کہ انتہائی مختصر ترین عرصہ میں 15اپریل تک فلائی اوور کا مین کام مکمل ہو جائے گا او ر وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز منصوبے کا افتتاح کریں گی تاہم اب محکمے کے حکام کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کی تعطیلات اور درمیان میں ایک بارش ہو جانے کی وجہ سے 15اپریل تک کام مکمل نہیں ہوسکے گا ،ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ 15مئی تک مکمل ہو جائے گا ۔