اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان کے ایک معروف کاروباری اور صنعت کار نے ڈھاکہ کے سرکاری گیسٹ ہاؤس جمنا میں بنگلہ دیش کے رہنما اور چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ایک اہم ملاقات کی۔ پاکستان کے اینگرو ہولڈنگز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عبدالصمد داؤد نے وفد کی قیادت کی اور نوبل انعام یافتہ بنگلہ دیشی رہنما کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز بات چیت کی۔ پاکستان کے صف اول کے صنعت کار اور کاروباری شخصیت کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر یونس نے پائیدار اور مستقبل پر مبنی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں طویل المدتی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جو ہمارے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائیں۔