کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضیاء الدین یونیورسٹی کا جلسہ تقسیم اسناد بدھ کو منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے۔ انہوں نے ادارے کے قابلِ تحسین سفر کی تعریف کی اور فارغ التحصیل طلبہ کو ان کی تعلیمی کامیابیوں اور روشن مستقبل پر مبارکباد دی۔ یہ تقریب ایجوکیشن سٹی کیمپس لنک روڈ پر منعقد ہوئی۔ تقریب میں چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین، پرو چانسلر ڈاکٹر ندا حسین، سی ای او ڈاکٹر عماد حسین، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عباس ظفر، معزز فیکلٹی ، بورڈ ممبران، خاندانوں اور فارغ التحصیل طلبہ نے شرکت کی۔ اپنے کلیدی خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے فارغ التحصیل طلبہ اور ان کے خاندانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن صرف تعلیمی کامیابی کا جشن نہیں بلکہ آپ سب کی ثابت قدمی اور محنت کا اعتراف بھی ہے۔ جب آپ اگلے مرحلے کی طرف بڑھیں تو آپ کا مقصد اعلیٰ، اہداف بلند اور اثر دور رس ہونا چاہیے۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں کے کلیدی کردار کو سراہا اور ان کی غیر متزلزل حمایت کی تعریف کی۔