اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) ملک بھر کے غیر فعال ائیر پورٹس کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔صوفیہ سعید شاہ ایم این اے کے سوال پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریری جوا ب میں بتایا کہ ملک بھر میں 10 ائیر پورٹس مکمل طور پر غیر فعال ہیں۔ غیر فعال ائیر پورٹس میں خضدار، مظفر آباد ، راولاکوٹ ، بنوں ،پارہ چنار، جیوانی، اوماڑہ ، سیہون شریف ، سبی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ائیر پورٹس شامل ہیں۔ ان غیر فعال ائیر پورٹس پر 2 افسران اور 65اہلکاروں کا عملہ تعینات ہے۔ غیر فعال ائیر پورٹس پر تعینات عملے کو تنخواہوں کی مد میں ماہانہ ایک کروڑ 25لاکھ روپے سے زائد تنخواہ ادا کی جارہی ہے۔