کراچی( سید محمد عسکری ) محکمہ بورڈ و جامعات نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کراچی اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن حیدرآباد بورڈ میں قائم مقام چیرمین کے تقرر کے لیے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے، بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے چیرمین کے عہدے کے لیے بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے چیرمین غلام حسین سوہو یا سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے چیرمین مشرف علی راجپوت کو اضافی چارج دینے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن حیدرآباد بورڈ میں چیرمین کے عہدے کے لیے بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن میرپور خاص کے چیرمین منصور علی راجپوت یا بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نوابشاہ ڈاکٹر آصف میمن کو اضافی چارج دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ زرائع نے جنگ کو بتایا ہے کہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کراچی اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن حیدرآباد بورڈ میں مستقل چیرمین کے تقرر کے لیے تلاش کمیٹی کے انتخاب کردہ اضافی پینل کے ناموں کے معاملے پر محکمہ بورڈز و جامعات تذبذب کا شکار ہے کیونکہ سندھ میں انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی اور حیدرآباد بورڈ کا شمار سندھ کے بڑے اور اہم بورڈز میں ہوتا ہے اور چیرمین کے عہدے کے امیدواروں کی ترجیح بھی یہی دو بورڈ ہوتے ہیں چنانچہ اضافی پینل کے کم نمبروں حامل امیدواروں کو لگانا نامناسب ہوگا اور یہ اقدام عدالت میں بھی چیلنج ہونے کا ہوسکتا ہے لہٰذا فی الحال یہاں قائم مقام چیرمین تعینات کیئے جائیں اور دونوں بورڈز میں مستقل چیرمین کی آسامی دوبارہ مشتہر کی جائے۔ تاہم قواعد کے مطابق اگلا نمبر دونوں بورڈز کے لیے تلاش کمیٹی کے سفارش کردہ امیدوار فقیر محمد لاکھو کا ہے جو اس وقت کراچی میں ریجنل ڈائریکٹر کالجز کے عہدے پر تعینات ہیں انھوں نے 55.80نمبر حاصل کیئے اس کے بعد ڈاکٹر شجاع نے 55.80، کرنل ریٹائرڈ سید محمد علمدار رضا نے 55.40، ڈاکٹر ذوالفقار علی میمن نے 53.20، عابد علی مغل نے 52، سید ذولفقار علی شاہ نے 51.25، قاضی عارف علی نے 51، جاوید علی میمن نے 50.67,علی گوہر چانگ اور پیر سہیل احمد سرھندی نے مشترکہ طور 50 نمبر حاصل کیئے تھے۔