کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں مختلف حادثات میں کمسن بچی سمیت 5 افراد جاں بحق اور ایک نوجوان زخمی ہوگیا‘شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی‘شہریوں نے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے کپڑے پھاڑ دیئے جس کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا ۔قائد آباد مرغی خانہ پل کے قریب کار سوار راہگیر لڑکے کو ٹکر مارتے ہوئے فرارہوگیا،متوفی لڑکے کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی‘متوفی کی شناخت 14سالہ ریحان کے نام سے ہوئی جو اسی علاقے کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ملیر لنک روڈ حکیم ولاس کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکرفٹ پاتھ میں لگے درخت سے ٹکراگئی‘ حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار ایک نوجوان جاں بحق اور دوسراشدید زخمی ہوگیا‘متوفی کی شناخت 18 سالہ احمد اور زخمی کی 25 سالہ شیر محمدکے نام سے ہوئی۔ بھینس کالونی موڑ کٹ کے قریب تیزرفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا‘متوفی کی شناخت 18 سالہ عامر کے نام سے ہوئی‘لانڈھی ریلوے اسٹیشن کی حدود میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایک شخص مسافر ٹرین سے گر کر ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا‘بلدیہ مواچھ گوٹھ 2 نمبر بخاری مسجد کے قریب واقع ایک گھر کی لینٹر کی بوسیدہ چھت کا ایک ٹکرا کمرے میں سوئی کمسن بچی پر جا گرا جس کے نتیجے میں سر میں چوٹ لگنے سے بچی جاں بحق ہوگئی۔ متوفیہ بچی کی شناخت 3 سالہ رابعہ دختر محمد سہیل کے نام سے ہوئی ۔نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی گلیکسی بینکوئٹ کے قریب تیز رفتار پانی کا ٹینکر الٹ گیا۔مشتعل عوام نے ٹینکر کو آگ لگادی جو جزوی طور پر جل گیا ۔